
اسلام آباد (مظفر بھٹی) آل پاکستان ایسوسی ایشن آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل آرگنائزیشنز
(APAHMO) کے زیر اہتمام فنانشل ٹائمز اسلام آباد کی کامیاب صحافتی خدمات کے 13 سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کی 13ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ فنانشل ٹائمز کی ادارتی ٹیم اور مہمانِ خصوصی ایلن (Alan) کو صحافت، سماجی خدمات اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں شیلڈز اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔
تقریب میں ڈاکٹر وحید ایم خان (چیف ایڈیٹر)، جاوید صدیق (ایڈیٹر)، نسیم حسن اعوان (ایگزیکٹو ایڈیٹر)، محترمہ حورش شاہ (ڈائریکٹر نیوز و کوآرڈینیٹر)، نوابزادہ شاہ علی، ندیم تنولی، نوید ستی، اکرام اللہ جوئیہ، نوید نیئر اور مہمانِ خصوصی ایلن کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
مقررین نے فنانشل ٹائمز اسلام آباد کی ذمہ دارانہ صحافت، قومی، سماجی، تعلیمی، سفارتی اور کاروباری شعبوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اخبار گزشتہ تیرہ برس سے تاجروں، صنعتکاروں، کاروباری برادری اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے مثبت اور معیاری صحافت کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے فنانشل ٹائمز کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو 13ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی پیشہ ورانہ دیانت، ذمہ دار صحافت اور عوامی خدمت کی اپنی روشن روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی میڈیا میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر اعزاز حاصل کرنے والے افراد نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معیاری صحافت، سچائی، عوامی خدمت اور قومی مفاد کے فروغ کے لیے اپنی خدمات مزید جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھیں گے