
تہران: ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں فوجی تنصیبات پر میزائل اور پراجیکٹائل حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران بندر عباس، قشم جزیرے اور حاجی آباد سمیت متعدد علاقوں میں یکے بعد دیگرے کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
حکام کے مطابق حملوں کا ہدف صرف فوجی تنصیبات تھیں اور اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے قشم کے گورنر حسین امیر تیموری نے بتایا کہ قشم جزیرے پر 10 سے 11 پراجیکٹائل داغے گئے۔ ان کے مطابق حملہ آوروں نے صرف فوجی مقامات کو نشانہ بنایا، جبکہ کسی شہری یا فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ساحلی شہر بندر عباس اور حاجی آباد میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ متعلقہ حکام نے تصدیق کی کہ نشانہ بنائے گئے تمام مقامات فوجی نوعیت کے تھے۔
ایرانی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق خلیج ہرمز کے قریب واقع حساس علاقوں میں ہونے والے یہ حملے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں