
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان میں ترقیاتی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں تعلیم، صحت، گورننس اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے برطانوی ہائی کمشنر کو بلوچستان میں حکومت کی جانب سے جاری اصلاحات، عوامی فلاح کے منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن، پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے صوبے میں ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔
برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔