
اسلام آباد ( مظفر بھٹی سے)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے سولر اینڈ اسٹوریج ایکسپو پاکستان 2026 کے دوسرے روز ایکسپو سینٹر لاہور کا دورہ کیا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر نے نمائش میں شریک قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، صنعت سے وابستہ نمائندگان سے ملاقات کی اور قابلِ تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے کے جدید نظاموں اور پائیدار ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والی جدید پیش رفت کا جائزہ لیا،اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے اسٹارچارج کے اسٹال کا بھی دورہ کیا، جہاں پاکستان میں اسٹارچارج کے ڈائریکٹر عمر ملک نے ان کا استقبال کیا۔ اسٹارچارج کی قیادت نے وزیرِ موصوف کو کمپنی کی جدید توانائی سے متعلقہ خدمات، الیکٹرک گاڑیوں (EV) کے لیے جدید چارجنگ انفراسٹرکچر اور توانائی ذخیرہ کرنے کی جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جو پاکستان کو صاف اور پائیدار توانائی کے مستقبل کی جانب منتقل کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ملاقات کے دوران قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز اور جدید چارجنگ انفراسٹرکچر کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کاربن کے اخراج میں بھی کمی لائی جا سکے۔وفاقی وزیر نے نمائش میں شریک صنعتی اداروں اور کمپنیوں کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے موسمیاتی اور پائیداری کے اہداف کے حصول کے لیے جدت، سرمایہ کاری اور سرکاری و نجی شعبوں کے مابین مؤثر تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔سولر اینڈ اسٹوریج ایکسپو پاکستان ایک اہم پلیٹ فارم ہے جو پالیسی سازوں، صنعتی رہنماؤں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں اور سرمایہ کاروں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے تاکہ جدید اور ابھرتے ہوئے حل پیش کیے جا سکیں، شراکت داریوں کو فروغ دیا جا سکے اور ملک کی صاف توانائی کی جانب منتقلی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔


